محکمہ مواصلات و امور، حکومت ِ پنجاب، پاکستان کی موجودہ شکل ڈیڑھ صدی سے زائد عرصہ پر محیط ارتقاء کا نتیجہ ہے۔ اس کی جڑیں 1849ء میں متحدہ ہندوستان کے اندر پنجاب کی حدود(مشرقی اور مغربی)، شمال مغربی سرحدی صوبہ(اینڈبلیو ایف پی)،موجودہ خیبر پختونخواہ (کے پی) اور متصل علاقوں میں مقامی حکومتوں کے تحت قائم کئے جانے والے ملٹری بورڈز سے ملتی ہیں۔ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کا قیام 1854ء کو عمل میں لایا گیا جسکے پہلے چیف انجینئر لارڈ رابٹ نیپئرتھے اور تمام سول، ملٹری اور پبلک انجینئرنگ ورکس اس کے تحت تھے۔ بعد ازاں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو ایک مرکز کے تحت تمام صوبوں میں قائم کر دیا گیا۔ پبلک ورکس کی ضرورت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے سال 1866ء کو تین شاخیں قائم کی گئیں جن میں ملٹری ورکس برانچ، سول ورکس برانچ بشمول آبپاشی اور ریلوے برانچ شامل ہیں۔ ان انتظامی معاہدوں میں سال 1869ء کو ترمیم کی گئی جس کے مطابق بلڈنگز اینڈ روڈز (بی اینڈ آر) برانچ کا قیام عمل میں لایا گیا۔سال 1914ء میں اس میں کنسلٹنٹ آرکیٹیکٹ کی اسامی شامل کی گئی۔ سول ورکس جیسا کہ نہری نظام، صحت عامہ، سینٹری اور واٹر سپلائی کی بڑھتی ہوئی مانگ کو سمجھتے ہوئے سرکل اور ڈویژن کی سطح پر متعدد ذیلی دفاتر قائم کئے گئے۔
سال 1947ء میں آزادی کے بعد بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کمیونیکیشز(روڈز)، عمارات، سین ٹیشن، واٹر ورکس اور سرکاری عمارات کی الیکٹرفکیشن سے متعلقہ معاملات کی انجام دہی کیلئے چیف انجینئر اور سیکرٹری گورنمنٹ کے زیر انتظام کر دیا گیا۔سال 1962ء میں تمام سرکاری محکموں کو از سر نوترتیب دیا گیا اور اس طرح حکومتِ مغربی پاکستان کا محکمہ مواصلات و اموروجود میں آیاجس میں بی اینڈ آر اورٹاؤن پلاننگ کے منسلک محکموں کواس کے انتظامی کنٹرول میں رکھاگیا۔ اس طرح صوبائی چیف انجینئر بی اینڈ آر کا عہدہ ختم کرتے ہوئے پانچ عدد چیف انجینئرز کو مکمل تکنیکی اختیارات کے ساتھ ہر ایک متعلقہ ریجن کا انچارج مقرر کیا گیا۔
پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001ء کے اعلان کے بعد پنجاب میں منتقلی کے منصوبے پر عملدرآمد کیا گیا جس کے نتیجہ میں سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو صوبائی اور ضلعی سیٹ اَپ میں تقسیم کر دیا گیا۔ضلعی سطح پر عمارات اور شاہراہوں پر مبنی پراجیکٹس کے حوالے سے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے تحت چیف انجینئر، پنجاب ڈسٹرکٹ سپورٹ اینڈ مانیٹرنگ (ڈی ایس ایم)کی اسامی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ سال 2017 ء میں ڈی ایس ایم ڈیپارٹمنٹ کو ختم کر دیا گیا اور ضلعی سیٹ اَپ کو دوبارہ صوبائی سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں ضم کر دیا گیا۔ سال 2021ء میں سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو دوبارہ تشکیل دیا گیا اور پنجاب میں چیف انجینئرز ہائی ویز اور عمارات کیلئے تین زونز(مرکزی،شمالی، جنوبی)قائم کئے گئے۔اس کے علاوہ خصوصی اقدامات، منصوبہ بندی اور ڈیزائن، تحقیق اور ڈیزائن کے علاوہ مانیٹرنگ اور ایویلیو ایشن کے منسلکہ محکمے بھی قائم کئے گئے۔
سورس: پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ، از نویدیتاناتھ (یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس، یو ایس اے)